کراچی/ بہاولنگر/ کوئٹہ/ لاہور/ فیصل آباد: محرم الحرام کی سیکیورٹی کے پیش نظر کراچی سمیت ملک بھر کے مختلف حصوں میں موبائل سروس آٹھ، نو اور دس محرم الحرام کو بند رہے گی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف حساس مقامات نمائش، کھادار، انچولی، گلستان جوہر سمیت دیگر علاقوں میں صبح سے ہی موبائل فون سروس معطل ہونا شروع ہوئی۔ محکمہ داخلہ کے مطابق 8 محرم الحرام کے جلوس میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر شہر میں موبائل فون سروس معطل کی گئی ہے۔
سندھ حکومت کی سفارش پر موبائل فون سروس کو معطل کیا گیا، اچانک موبائل فون سروس معطل ہونے پر لوگوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، ٹریفک میں پھنسے افراد اپنے دیر سے پہنچنے یا گھر والوں سے رابطہ نہ کرسکے، جب کہ اسکول جانے والے بچوں کے والدین بھی خیریت دریافت کرنے سے قاصر رہے۔ دوسری جانب محرم الحرام کے جلوس کے روایتی راستوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے، ایم اے جناح روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ، ایمپرس مارکیٹ اور اس سے ملحقہ گلیوں کو بند کیا گیا ہے۔
کراچی سمیت سندھ کے آٹھ شہروں میں، جب کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی حساس مقامات اور علاقوں میں موبائل فونز صبح سے ہی خاموش کرا دیئے گئے۔ انتظامیہ کے مطابق موبائل فون سروس کو محرم الحرام کے سلسلے میں نکالنے والے جلوس کی سیکیورٹی کے باعث کیا گیا ہے۔ بہاولنگر، فیصل آباد، کوئٹہ، گلگت بلتستان سمیت مختلف شہروں میں موبائل سروس بند ہے۔
No comments:
Post a Comment