چین کے بعد پاکستان نے بھی سی پیک پر امریکی اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے۔ سی پیک سے متعلق امریکی وزیر دفاع جم میٹس کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ سی پیک خطے کی ترقی، رابطے اور عوام کی فلاح کا منصوبہ ہے۔
مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور بھارتی فوج کشمیر میں سنگین جرائم کا ارتکاب کر رہی ہے لہذا عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی بربریت کا نوٹس لے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کی ضرورت ہے اور اقوام متحدہ کی قراردادیں کشمیریوں کے لئے حق خود ارادیت کا مطالبہ کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی وزیر دفاع جم میٹس نے کہا ہے کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ متنازع علاقے سے گزرتا ہے جو خود کسی نئے تنازع کو جنم دے سکتا ہے جب کہ چین نے ون بیلٹ ون روڈ منصوبے اور اقتصادی راہداری پر امریکا کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ سی پیک کسی تیسرے فریق کے خلاف نہیں اور اس کا علاقائی خود مختاری کے تنازعات سے بھی کوئی تعلق نہیں جب کہ سی پیک کے باعث مسئلہ کشمیر پر چین کا اصولی موقف بھی تبدیل نہیں ہو گا۔
No comments:
Post a Comment