https://goo.gl/Uaa4As
پاکستانی فاسٹ بولر محمد عامر نے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل سمرسیٹ کے خلاف کھیلے جا رہے تین روزہ میچ میں شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔
سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا پانے والے محمد عامر نے پانچ سال بعد انگلینڈ میں پہلا فرسٹ کلاس میچ کھیلتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
٭
میچ کا تفصیلی سکور کارڈ
انھوں نے سمرسیٹ کے خلاف 36 رنز دے کر مارکوس تھریسکوتھک، ایڈم ہوز اور پیٹر ٹروگو کی وکٹیں حاصل کیں۔
اتوار سے ٹاؤنٹن میں شروع ہونے والے تین روزہ میچ میں پاکستان نے اپنی پہلی اننگز 359 رنز آٹھ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کر دی تھی جس کے جواب میں سمرسیٹ کی پوری ٹیم 128 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی پہلی اننگز کی خاص بات یونس خان کی 53 ویں فرسٹ کلاس سینچری تھی جب کہ اسد شفیق 80 اور شان مسعود 62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
کپتان مصباح الحق پہلی اننگز میں کوئی رن بنائے بغیر پویلین لوٹ گئے۔
دوسری دن کے کھیل کے اختتام تک پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں چار کھلاڑیوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے تھے۔
خیال رہے کہ 24 سالہ محمد عامر کی پانچ سال بعد بین الاقوامی کرکٹ میں واپسی ہوئی ہے۔ پابندی ختم ہونے کے بعد رواں سال جنوری میں انھوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف بین الاقوامی ٹی 20 میچ کھیلا تھا۔
محمد عامر کی بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ میں ممکنہ واپسی لارڈز میں انگلینڈ کے خلاف 14 جولائی سے شروع ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ سے ہوگی۔
Urdu Khabrain
بین الاقوامی ٹیسٹ کرکٹ, سمرسیٹ, محمد عامر
No comments:
Post a Comment