https://goo.gl/JR494Y
مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف پاکستان متحدہ اپوزیشن کے احتجاج کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو گئی ہیں۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کے حوالے سے ڈاکٹر طاہرالقادری کی زیر قیادت متحدہ اپوزیشن کا احتجاج آج مال روڈ پر ہو گا، احتجاجی جلسے کے لیے پنجاب اسمبلی کے سامنے کنٹینر پر اسٹیج کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جبکہ کرسیاں، لائٹیں، جنریٹر اور دیگر سامان بھی منگوا لیا گیا ہے۔ احتجاجی جلسے کے لیے مال روڈ کے دونوں اطراف لائٹس کا بھی بندوبست کیا گیا ہے جبکہ احتجاج کی تیاریوں کے باعث مال روڈ سے ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا شدید دباؤ ہے۔
شاہراہ فاطمہ جناح،کچہری روڈ، ہال روڈ، کوپر روڈ، بوڑھ والا چوک اور ایجرٹن روڈ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے احتجاجی جلسے کے لیے آج دوپہر 12 بجے کا وقت دیا ہے اور ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایک ہی کنٹینر سے آصف علی زرداری اور عمران خان خطاب کریں گے۔ لاہور میں احتجاجی جلسے کے حوالے سے آج طاہر القادری اور آصف علی زرداری کے درمیان ملاقات بھی ہوئی جس کے بعد دونوں رہنماؤں نے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی۔ اس موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمرانوں کے جانے کا وقت آگیا ہے لیکن شریف برادران کی خواہش ہے کہ ان کا تخت بچ جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ احتجاج کا مقصد پنجاب حکومت سے جان چھڑانا ہے اور عنقریب ہم ان حکمرانوں کو نکال باہر کریں گے۔
خیال رہے کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے 8 جنوری کو آل پارٹیز کانفرنس کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس بعد پریس کانفرنس کے دوران 17 جنوری سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے خلاف تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔ ڈاکٹر طاہرالقادری کا کہنا تھا کہ اب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ سے استعفے مانگیں گے نہیں بلکہ لیں گے۔ پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، پاک سرزمین پارٹی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے سربراہان کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔
Urdu Khabrain
Breaking Pakistani News, Daily Pakistan News, Online Pakistani News, Pakistan latest News, Pakistan News, Pakistan Urdu News, Pakistani Khabrain, Top Pakistani News, اج, احتجاج, اپوزیشن, سانحہ, ماڈل, متحدہ, ٹاؤن, پاکستان, کا, کیخلاف, ہوگا
No comments:
Post a Comment