https://is.gd/G11DSl
احتساب عدالت کی جانب سے ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے بعد سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کا نام بلیک لسٹ میں ڈال دیا گیا جب کہ ان کی گرفتاری کے لیے ٹیم خیبرپختونخوا بھی روانہ کردی گئی۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور ان کے شوہر محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی ہے جب کہ سابق وزیراعظم اور ان کی صاحبزادی پر جرمانہ بھی کیا گیا ہے، عدالت نے ملزمان کو اپیلیں دائر کرنے کےلیے 10 روز دیئے ہیں۔
نیب نے نوازشریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر انہیں ائیرپورٹ سے ہی گرفتار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نیب کو احتساب عدالت کے فیصلے کی کاپی موصول ہوگئی ہے جس کے بعد فیصلے پر عملدرآمد کے لیے بھی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر کا نام بلیک لسٹ میں شامل کردیا گیا ہے جس کےبعد وہ کسی بھی ایئرپورٹ، زمینی اور سمندری روٹ سے پاکستان سے باہر نہیں جا سکیں گے۔
دوسری جانب نیب نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی تیز کردی ہے اور اس ضمن میں خیبرپختونخوا حکومت سے رابطہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق نیب نے کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری کے لیے ایک ٹیم خیبرپختونخوا بھی روانہ کردی ہے۔
واضح رہے کہ احتساب عدالت سے سزا کے بعد کیپٹن (ر) صفدر الیکشن لڑنے کے لیے بھی نااہل ہوگئے ہیں اور الیکشن کمیشن نے ان کے حلقے میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی روک دی ہے۔
Urdu Khabrain
No comments:
Post a Comment