https://is.gd/YcYszu

کچھ دن قبل تک انتخابی عملے کی حاضری پوری تھی، ڈیوٹی کے مقام میں تبدیلیوںکے باعث پولنگ عملے میں کمی آ گئی، پریزائیڈنگ افسران۔ فوٹو : فائل
کراچی: عام انتخابات 2018 کی تیاریاں آخری مراحل میں پہنچ گئیں، پولنگ میں صرف 2 دن باقی رہ گئے تاہم الیکشن کمیشن کی بدانتظامی کے باعث پریذائیڈنگ افسران سمیت بیشتر انتخابی عملے کو پریشانیوں کا سامنا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی عملے کی تعیناتی میں بدانتظامی کے باعث الیکشن کے دن بڑے پیمانے پر بدنظمی کا خدشہ ہے جن سرکاری ملازمین کی انتخابی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں ان میں سے بے شمار سرکاری ملازمین نے شکایت کی ہے کہ ان کی ڈیوٹی کے مقام کو کئی بار تبدیل کیا گیا ہے۔
اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سرکاری ملازمین سے براہ راست رابطہ کررہے ہں جبکہ ماضی میں یہ ہوتا تھا کہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے سرکاری ملازمین کے محکموں کو ڈیوٹی کے لیٹر بھیجے جاتے تھے لیکن اس بار ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے ملازمین کو براہ راست فون آرہے ہیں اور یہ سلسلہ 10 دن سے جاری ہے۔
بعض سرکاری ملازمین نے نمائندہ ایکسپریس کو بتایا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے انھیں انتخابی عملے کی فہرست میں شامل کرکے پولنگ اسٹیشن پر ڈیوٹی کا لیٹر ارسال کردیا گیا تاہم کچھ دن بعد انھیں ریٹرننگ افسران کے دفاتر سے فون آیا کہ ان کی ڈیوٹی اب کسی دوسرے پولنگ اسٹیشن پر لگادی گئی ہے اور اس کا لیٹر بھی جاری کردیا گیا ہے۔
اس موقع پر انتخابی عملے نے ریٹرننگ افسران کے دفتر پر شکایات بھی جمع کرائیں کہ ہماری ڈیوٹی پہلے ہی ایک پولنگ اسٹیشن پر لگ چکی ہے اور 2 دن کے بعد کسی دوسرے پولنگ اسٹیشن پرڈیوٹی کا لیٹر جاری کردیا گیا ہے تاہم اس ضمن میں کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
ذرائع کے مطابق یہ معاملہ شہر بھر میں بیشتر انتخابی عملے کے ساتھ ہوچکا ہے تاہم ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران ان شکایات کو دور کرنے کے بجائے انتخابی عملے کو ہدایات دے رہے ہیں کہ نئے احکام پر عملدرآمد کیا جائے بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ایکسپریس کو مختلف پریزائیڈنگ افسران نے بتایا کہ ان کے پاس عملہ انتہائی کم ہے کچھ دن قبل تک ان کے پاس انتخابی عملے کی حاضری پوری تھی تاہم ڈیوٹیوں کے مقام میں تبدیلی کے باعث ان کے پولنگ عملے میں کمی آگئی ہے اور یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ الیکشن کے دن کیسے انتخابی کام انجام دیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کے موقع پر کراچی میں81 لاکھ 7ہزار 186 ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے، شہر کے 6 اضلاع میں 63 ہزار 515 نفوس پر مشتمل انتخابی عملہ خدمات انجام دے گا، شہر بھر میں 4 ہزار 888 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
Urdu Khabrain
No comments:
Post a Comment