Tuesday, 17 July 2018

بھارتی سپریم کورٹ کا ’مشتعل ہجوم کے تشدد‘ کے خلاف قانون سازی کا حکم

https://is.gd/LZAz3a



بھارت میں مشتعل ہجوم کے ہاتھوں بے گناہ شہریوں کے قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ فوٹو : فائل


نئی دہلی: بھارتی سپریم کورٹ نے مشتعل ہجوم کی جانب سے قانون کو ہاتھ میں لینے اور بناء ثبوت و تحقیق کسی بھی شخص کو ہلاک کردینے کے عمل کو ’ وحشت ناک‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہجوم کا تشدد گائے کے تحفظ کے نام پر ہو یا بچوں کے اغوا کی افواہ پر کیا گیا ہو، یہ ایک وحشیانہ جرم ہے جس کے خلاف پارلیمنٹ سخت سے سخت قانون سازی کرے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چیف جسٹس دیپک مشرا کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے مشتعل ہجوم کی جانب سے کسی بھی شخص کو مجرم قرار دے کر سزا دینے کے عمل کے خلاف دائر درخواست کی سماعت کی۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد بینچ نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ مشتعل ہجوم کے تشدد کو غم و غصے کی حالت میں انتہائی قدم اُٹھانے جیسا معمولی جرم قرار دے کر اسے معمول کا واقعہ بننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ کو قصور وار افراد کو سزائیں دینے کے لیے علیحدہ قانون بنانے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اس عمل میں خاموش تماشائی نہ بنے، بلکہ اسے سخت سزاؤں کے ذریعے کچلنا ہوگا، چنانچہ سپریم کورٹ ملک کی پارلیمنٹ سے سفارش کرتی ہے کہ ہجوم کے تشدد کے قصوروار افراد کو سزائیں دینے کے لیے ایک علیحدہ قانون بنائے۔

عدالتِ عظمیٰ نے مزید کہا کہ پُر ہجوم تشدد کے واقعات کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، جمہوریت میں ہجوم کے تشدد جیسی لاقانونیت کی کوئی جگہ نہیں، چنانچہ مرکزی اور ریاستی حکومتوں کو مستقبل میں مشتعل ہجوم کے تشدد کی روک تھام کے لیے احتیاطی، تعزیری اور اصلاحی اقدامات کرنے ہوں گے اور اس حوالے سے اپنے اقدامات کی رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔

واضح رہے کہ بھارت میں گائے ذبح کرنے کا الزام لگا کر انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے مسلمانوں کا قتل اور املاک کو نذر آتش کرنا عام  سی بات ہے۔ حال ہی میں واٹس ایپ پر بچوں کے اغوا سے متعلق افواہوں کو درست مان کر مشتعل ہجوم نے درجن سے زائد مشتبہ اغواکاروں کو مار مار کر ہلاک کردیا تھا۔
Urdu Khabrain

No comments:

Post a Comment

ملائشیا جعلی خبروں کو روکنے والا قانون کیوں ختم کیا گیا؟

https://urdukhabrain.com.pk/2018/08/19/urdu-news-39725 ملائشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد نے جعلی خبروں کی روک تھام کے لیے بنایا گیا متنازع قان...