https://urdukhabrain.com.pk/2018/08/20/urdu-news-37906
’’جس گھر میں نہیں لائٹ ،وہاں لگے گی سولر لائٹ‘‘، یہ کوئی نعرہ نہیں بلکہ نیدر لینڈ کے وویمن آن ونگ ادارے کی جانب سے رواں برس جاری کیا گیا پیغام ہے، جس کےتحت اب تک1600سولر لائٹس نصب کی جاچکی ہیں جبکہ 100لائٹس مختلف اسکولوں کو فراہم کی جاچکی ہیں۔ ہمارے یہاں بھی طویل لوڈشیڈنگ یا بجلی کی آنکھ مچولی کی وجہ سے لوگ سولر لائٹس کا سہارالینے لگے ہیں۔ ملک بھر میں توانائی کے بڑھتے ہوئے بحران کے باعث توانائی کے متبادل ذرائع کااستعمال بڑھ رہا ہے، ان متبادل توانائی کے ذرائع میں سولر انرجی کا ذریعہ ماحول دوست اورطویل المدت ہونے کی وجہ سے عوام میں تیزی سے مقبول ہو رہا ہے۔اگر آپ بھی بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ یاپھر زیادہ بلوں سے پریشان ہیں تو سولر پینل یا سولر سسٹم کے تحت بجلی حاصل کرکے اس مشکل سے جان چھڑاسکتے ہیں۔ عام طور پر اکثر افراد سولر سسٹم سے آگاہی نہ رکھنے کےباعث زیادہ بلوں اور طویل لو ڈ شیڈنگ کا رونا روتے نظرآتے ہیں ۔اگر آپ کسی نئے گھر میں شفٹ ہونا چاہ رہے ہیں یا گھر کی تعمیر کا ارادہ رکھتے ہیں تو بجلی کے حصول کے متبادل ذرائع کے طور پر سولرپینل آپ کا پہلا انتخاب ہوسکتا ہےاور اس سلسلے میں آج کا مضمون آپ کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔
سولر پینل ایک ایسی ڈیوائس ہے جو سورج کی روشنی کو بجلی میں تبدیل کر دیتی ہے ۔ چونکہ ہم ایک ایسے ملک کے رہائشی ہیںجہاں سال کے تقریباً 300دن سورج اپنی آب وتاب دکھاتا ہے، اس لیے سورج سے توانائی کے حصول کے لیے ایک بار کی گئی سرمایہ کاری طویل عرصے تک آپ کے لیے توانائی کے مسئلہ کا حل ثابت ہوسکتی ہے۔اب بات کرتے ہیں سولر پینل کے کام کی نوعیت پر کہ یہ کیسے کام کرتا ہے۔ سولر پینل مختلف چھوٹے چھوٹے سولر سیلز کا مجمو عہ ہوتا ہے ۔ ان سولرسیلز کو ایک بڑی شیٹ پر لگا کر بجلی حاصل کی جاتی ہے۔ ایک سولر سیل 0.5 وولٹ بجلی پیداکرتا ہے جبکہ سیل کے سائز کے فرق کی وجہ سے ایمپیئر کم یا زیادہ ہو جاتے ہیں، اسی لیے آپ اچھا اور معیاری سولر پینل خریدیں۔ اگر آپ گھر کے لیے کسی اچھے سولر پینل کا انتخاب کریں تو اس سولر پینل کے ذریعےتقریباً26وولٹ حاصل ہوں گے اور وہ 6.9 ایمپیئربجلی پیدا کرے گا۔
سولر پینل کی قیمت اگرچہ تھوڑی زیادہ ہوئی ہےلیکن اس پرایک بار کی ہوئی سرمایہ کاری آپ کو20سے 25 سال تک طویل لوڈشیڈنگ اور زیادہ بلوں کی ٹینشن سے نجات دلاسکتی ہے۔ سولر سسٹم فروخت کرنے والے دکاندار گھر میں ایک سولر سسٹم کی لاگت کے فارمولے کی وضاحت سے متعلق کہتے ہیں کہ سولر پینل کے تخمینے کا آغاز چالیس روپے کی ایک بیٹری سے ہوتا ہے، جس کو واٹس اور گھنٹوں سے ضرب دی جاتی ہے۔ مثلاً اگر آپ کو چوبیس گھنٹوں کے لیے ایک ہزار ووٹ کی ضرورت ہے تو اس فارمولے کے مطابق 40x1000wattsx24 hours کا اطلاق ہوگا۔تاہم اگر آپ 24 گھنٹے سولر پاور استعمال نہیں کرنا چاہتے بلکہ صرف لوڈ شیڈنگ کے دوران استعمال کرتے ہیں تو آپ کو گھنٹوں کو کم کرنا ہوگا، جیسے چھ گھنٹے، پھر یہ فارمولہ کچھ اس طرح ہوگا 40x1000x6۔ عام طور پر لوگ سولر پینل کے لیے اس آپشن کا انتخاب کرتے ہیں۔ غیرملکی رپورٹ کے مطابق اگر 5 کلو واٹ کا سولر سسٹم لگوایا جائےتواس سے بجلی کابل 30ہزار روپے ماہانہ سے کم ہو کر دو ہزار روپے تک آسکتا ہے۔
اگر آپ سولر سسٹم فکس کروانے سے متعلق پریشان ہیں توفکر مند نہ ہوں، یہ ماحول دوست اور کثیرالمیعاد متبادل ذریعہ زیادہ جگہ نہیں گھیرے گا اوراس کے لیےآپ کی چھت بہترین رہے گی۔ چھت کے کسی بھی حصے میں سولر پینل لگواکر پنکھے ، ٹیلی ویژن حتیٰ کہ ایئر کنڈیشنر بھی بآسانی اس واٹ پر چلایا جاسکتا ہے جس کے بعد نہ لوڈشیڈنگ کا خوف آپ کو ستائے گا اور نہ ہی زیادہ بل آنے کی ٹینشن۔
سولر سسٹم سے ایک قدم آگے، سائنسدان سولر ٹائلز کی دنیا میں قدم رکھ چکے ہیں۔ سولر ٹائلز بھی سولر پینل کی طرح بجلی پیدا کرنے والا سسٹم ہے۔ امریکی کمپنی ٹیسلا (برقی گاڑیاں بنانے والی کمپنی )کے سی ای او ایلون مسک نے چھتوں پر لگنے والی ایسی ٹائلز متعارف کروائی ہیں، جن میں شمسی توانائی کے پینل لگے ہوئے ہیں۔شیشے کی بنی یہ ٹائلزدکھنے میں عام ٹائلز کی طرح ہوتی ہیں مگر آپ کے گھر کے لیےشمسی توانائی حاصل کرنے کا ایک قدرے خوبصورت انداز ثابت ہوں گی، جو آپ کے گھر کی خوبصورتی بڑھانے میں بھی اہم کردار اداکریں گی۔ باہر سے دیکھنے والوں کو پتہ نہیںچلتا کہ یہ عام ٹائلز ہیں یا پھر سولر ٹائلز۔ان سولر ٹائلز کو نصب کر کے نہ صرف گھروں بلکہ سڑکوں اور راہگزر پر بھی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے۔تو ہماری مانیے دوران تعمیر سولر سسٹم یا سولر ٹائلز کا انتخاب کرکے اپنی مشکل زندگی میں آسانیاں پیدا کیجیے۔
Urdu Khabrain
No comments:
Post a Comment