پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں گرین کیپس فالو آن کا شکار ہو گئی تاہم آئی لینڈرز بھی دوسری اننگز میں مشکلات کا شکار ہیں اور صرف 14 اوورز میں آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی ہے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا نے 482 رنز بنائے جس کے جواب میں پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 262 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور یوں مہمان ٹیم کو پہلی اننگز میں 220 رنز کی سبقت حاصل ہو گئی۔
سری لنکا کی دوسری اننگز میں بیٹنگ جاری ہے اور تیسرے روز کھیل کے اختتام تک آئی لینڈر نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 34 رنز بنا لئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے دوسری اننگز میں وہاب ریاض نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3.3 اوورز میں 3 سری لنکن بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی جب کہ محمد عباس اور یاسر شاہ نے بھی ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز 51 رنز بغیر کسی نقصان کے شروع کیا تاہم دونوں اوپنرز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور 65 رنز پر واپس پویلین لوٹ گئے، شان مسعود نے 16 اور سمیع اسلم نے 39 رنز بنائے، اوپنرز کے آؤٹ ہونے کے بعد اظہر علی اور اسد شفیق نے اسکور آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم 92 کے مجموعی اسکور پر اسد شفیق 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جب کہ کچھ ہی دیر بعد بابر اعظم بھی 8 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اظہر علی اور حارث سہیل نے ٹیم کا اسکور 180 رنز پر پہنچایا تو اظہر علی ہیراتھ کا شکار بن گئے، انہوں نے 59 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس مشکل صورت حال میں کپتان سرفراز احمد، حارث سہیل کا ساتھ دینے کے لئے وکٹ پر آئے لیکن وہ بھی زیادہ دیر تک نہ ٹک سکے اور 14 رنز بنا کر 199 کے انفرادی اسکور پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔ محمد عامر بھی 7 رنز بنا کر رنگنا ہیراتھ کا شکار بن گئے۔
حارث سہیل نے سری لنکن بولرز کے خلاف کچھ مزاحمت کی لیکن 220 کے مجموعی اسکور پر وہ بھی ہمت ہار گئے اور 56 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ وہاب ریاض نے 16 جب کہ یاسر شاہ 24 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
سری لنکا کی جانب سے دلروان پریرا اور رنگنا ہیراتھ نے 3، 3 جب کہ لہیرو گماگے اور سرنگا لکمل نے 2، 2 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
میچ کے دوسرے دن سری لنکا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 482 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی جب کہ قومی ٹیم نے دوسری دن کے اختتام پر بغیر کسی نقصان کے 51 رنز بنائے تھے اور شان مسعود 15 اور سمیع اسلم 30 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
اس سے قبل سری لنکا نے دوسرے دن کا آغاز 3 وکٹ کے نقصان پر 254 رنز سے شروع کیا تو کپتان چندیمل 282 کے مجموعی اسکور پر 62 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر آؤٹ ہوئے تاہم اوپنردموتھ گونارتنے صرف 4 رنز کی کمی سے اپنی ڈبل سنچری اسکور نہ کرسکے، وہ 196 رنز پر وہاب ریاض کا شکار بنے۔
دیگر کھلاڑیوں میں دلروان پریرا 58 ، نروشان ڈکویلا 52، کوشل سلوا 27 رنز بناسکے اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے سمارا وکراما نے 35 رنز پر 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔
قومی ٹیم کی جانب سے اسپنر یاسر شاہ نے 6، محمد عباس نے 2 جب کہ محمد عامر اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
No comments:
Post a Comment