پاک فوج کے سپہ سالار نے دشمن کو خبردار کر دیا،کوئی مہم جوئی کی تو دندان شکن جواب دیں گے،ناقابل تلافی نقصان اٹھانا پڑے گا، آرمی چیف نے یہ بھی واضح کر دیا کہ کسی کو اپنے اقدام کی غلط تشریح نہیں کرنے دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پی اے ایف اصغرخان اکیڈمی میں گریجویٹ کیڈٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج کسی بھی اندرونی و بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، دشمن کو جارحیت کی صورت میں ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے بڑھ کر کسی بھی ملک نے قربانیاں نہیں دیں،،اور ہماری جنگ کامیاب ہوگئی ہے پاکستان وہ واحد ملک ہے جس نے آپریشن ردالفساد کے تحت باقی ماندہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات اٹھائے۔
آرمی چیف نے کہا کہ بدقسمتی سے بین الاقوامی برادری نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہیں کیا،،لیکن ہم کسی کو اپنے اقدام کی غلط تشریح نہیں کرنے دیں گے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کو فروغ دینا چاہتا ہے، ہم امن و سلامتی کے قیام کے لیے پرعزم ہیں اور امن کا قیام ہی پاکستان میں استحکام اور سلامتی کی ضمانت ہے۔
پاک فضائیہ ملکی دفاع کا اہم ترین شعبہ ہے اور اس نے پاک افغان سرحد کے قریب دہشتگردوں کی پناہ گاہوں اور تربیتی مراکز کو تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا، پاک فضائیہ کی بہترین کارکردگی کے باعث دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ملی،،اس موقع پرآرمی چیف نے اعزازی شمشیر اور پوزیشن حاصل کرنے والے کیڈٹس کو مبارکباد دی۔ سربراہ پاک فوج نے پاس آؤٹ ہونے والے 129 کیڈٹس کو بیج لگائے۔
جنرل قمرجاوید باجوہ نے کہا کہ بہترین تربیت کیڈٹس کو مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے میں مدد دے گی۔
No comments:
Post a Comment