https://goo.gl/zG8Xme
سری لنکا نے انجری مسائل سے دوچار بنگلہ دیش کی ٹیم کو پہلے ٹی20 میچ میں با آسانی 6 وکٹوں سے ہرا کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، فاتح ٹیم نے 194 رنز کا ہدف 17ویں اوور کی چوتھی گیند پر 4 وکٹوں پر پورا کیا۔
جمعرات کو کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش کے قائم مقام کپتان محموداللہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو میزبان ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 193 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا جو کہ ٹی ٹونٹی میں اس کا بڑا ٹوٹل ہے۔
بنگلہ دیش کی جانب سے مشفیق الرحیم 66 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ سومیا سرکار 51 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔ محموداللہ 43، ذاکر حسن 10، عافیف حسین صفر اور صابر رحمان ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔
جواب میں کشال مینڈس اور گناتھیلاکا نے ٹیم کو 53 رنز کا جاندار آغاز فراہم کیا، گناتھیلاکا 30 رنز بنا کر نظم الاسلام کی گیند کا نشانہ بنے۔ مینڈس نے عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور شاندار ففٹی بنا کر اسکور 90 تک پہنچا دیا، وہ 53 رنز بنا کر عفیف حسین کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ اپل تھارنگا صرف 4 رنز بنا کر چلتے بنے۔
129 کے اسکور پر آئی لینڈرز کی چوتھی وکٹ گری جب نیروشن ڈکویلا 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے ساتھ ہی ہدف کا حصول مشکل نظر آنے لگا لیکن اس موقع پر شناکا اور تھسارا پریرا حریف باؤلرز کے سامنے ڈٹ گئے۔
دونوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 65 ناقابل شکست رنز جوڑ کر بنگال ٹائیگرز کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، شناکا 3 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 42 جبکہ پریرا 3 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 39 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی سری لنکا نے دو ٹی20 میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی ہے، کشال مینڈس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔
Urdu Khabrain
No comments:
Post a Comment